اسلام آباد (آن لائن) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ میری وسط ایشیائی ممالک سے ملاقاتیں سود مند رہیں،افغانستان میں قیام امن سے وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ ہمارے تجارتی و اقتصادی روابط میں بہت بہتری آنے کی توقع ہے۔ پیر کو وزیر خارجہ کی زیر صدارت ،وزارتِ خارجہ میں اقتصادی سفارتکاری کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا ۔اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے پر عزم ہے، مجھے توقع ہے کہ آپ دیے گئے اہداف کے حصول کے لیے اقتصادی سفارت کاری کو موثر انداز میں بروئے کار لائیں گے۔