اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ سندھ میں 13 سال سے مسلسل پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، بلاول اورانکی حکومت کرپشن کےورلڈ ریکارڈ بنارہے۔
بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات نے کہا کہ سندھ میں اندھیر نگری چوپٹ راج ہے، بارش آئے کراچی ڈوب جاتا ہے نالوں کی صفائی وفاق کو کرنی پڑتی ہے، گرین لائن منصوبہ، پانی کا K4 منصوبہ، سرکلر ریلوے،فریٹ کوریڈور کی تکمیل بھی وفاق کر رہا ہے۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ روشن سندھ کےنام کرپشن،اومنی گروپ،جعلی اکاؤنٹس بنائے جاتے ہیں،سندھ میں 14 ارب گندم چوری ہوجاتی ہے، لاڑکانہ ترقیاتی پیکج میں کرپشن کی بھرمار ہے،سندھ میں پانی کی غیر منصافانہ تقسیم کی وجہ سے عوام پریشان ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنے آپ کو بچانے کے لیے 500 نیب زدہ افسران کو نوازا جارہاہے، ٹینکرمافیا،لینڈ مافیا یہ سب پیپلزپارٹی حکومت کی پہچان بن گئے ہیں اور پھر بھی سندھ حکومت ترقی کی باتیں کررہاہے۔