حکومت زیارت واقعے کے مجرموں کو منظر عام پر لائے،مولانا عبدالحق ہاشمی

124

کوئٹہ (آئی این پی) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ حکومتی نااہلی، سیکورٹی فورسز کی غفلت کی وجہ سے ایک بار پھر بے امنی شروع ہونا لمحہ فکر ہے، حکومت زیارت واقعے کے مجرموں کو منظر عام پر لاکر قرار واقعی سزا دے کر احتجاجی عوام کو مطمئن ومتاثرہ ورثا کو انصاف دلائیں، لیویز فورسز کے لیے انصاف نہ ہونا بہت بڑی زیادتی وناانصافی ہے، جماعت اسلامی ہر ظلم کیخلاف اور مظلوم خاندان کیساتھ ہے۔ کروڑوں فنڈز سیکورٹی فورسزپر خرچ کرنے کے باوجود عوام کے جان ومال محفوظ نہ ہونا حکومت واداروں کی ناکامی ہے۔ بدقسمتی سے حکومت اور ان کے اہلکار عوام سے وعدے تو کرتی ہے لیکن عملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے، پرامن علاقے میں بے امنی پیداکرنے کی مذمت کرتے ہیں۔ متاثرہ خاندان کی خواہش اور انصاف کے حصول کے لیے واقعے کی منصفانہ انکوائری کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ زیارت کے علاقے مانگی میں دہشت گردی کا بہت بڑاواقعہ ہواہے جس میں لیویز اہلکاروں کی قیمتی جانیں گئی، چار دن سے دھرنا جاری ہے متاثرہ خاندان انصاف چاہتا ہے لیکن حکومت وسیکورٹی فورسزکو کوئی فکر نہیں جو مظلوم عوام میں ردعمل احساس محرومی پیدا کرنے کے مترادف ہے حکومت متاثرہ خاندان سے مذاکرات کے لیے اعلیٰ سطحی وفد بجھوا دیں متاثرہ خاندان کے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے فی الفور لیویز اہلکاروں کے قاتلوں کو فوری گرفتار اور پس پردہ قوتوں کو بے نقاب کریں ۔ جماعت اسلامی لیویز اہلکاروں پرحملے کی بھر پور مذمت کرتی ہے پرامن علاقہ زیارت میں قبائلی رنجشیں بے امنی پیداکرنے کی سازش ہورہی ہے، انہیں بے نقاب وناکام بنانے کی ضرورت ہے ۔لیویز اہلکاروں کو شہید کرنے کے واقعے میں جو بھی ملوث ہے انہیں سزادینے تک عوام مطمئن نہیں ہوسکتی ۔ جماعت اسلامی شہید اہلکاروں کے خاندان کے غم میں برابرکے شریک ہیں ۔انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے انسانی بنیادوں پر مسئلے کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔