نوابشاہ /خیرپور (نمائندگان جسارت) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بظاہر سندھ کو منظم منصوبہ بندی کے تحت دیوار سے لگایا جارہا ہے، عمران خان کے آمرانہ رویوں سے تمام صوبوں میں احساس محرومی جنم لے رہا ہے، پی ٹی آئی حکومت نااہل ہے، عمران خان ملکی تباہی کا جشن منا رہے ہیں، اگر پارلیمان نے لوگوںکو روزگار دلوایا ہے تو کوئی چھین نہیں سکتا، سرکاری ملازمین کے حوالے سے عدالتی فیصلے کیخلاف اپیل میں جائیں گے۔نوابشاہ میں پارٹی بلاول نے زرداری ہائوس میں پارٹی عہدیداران، اراکین اسمبلی اور کارکنان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی صوبے کے عوام کے ساتھ امتیازی سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا۔ عمران خان کے آمرانہ رویوں سے تمام صوبوں میں احساس محرومی جنم لے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی صورتحال کو بھانپ رہے ہیں، عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔خیر پور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ اگرپارلیمان نے لوگوں کو روزگار دلوایا ہے توکوئی اور نہیں چھین سکتا، سرکاری ملازمین سے متعلق حالیہ عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل میں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اہل اور ناجائز حکومت کو ہم پرمسلط کیا گیا ہے، سلیکٹڈ عمران خان ایک کروڑ نوکریوں کا دعویٰ کرتا تھا لیکن عمران خان نے لوگوں سے نوکریاں چھین لیں۔بے نظیربھٹو نے16 ہزار سے زائد خاندانوں کو روزگار دیا تھا، پارلیمان سپریم ادارہ ہے، پیپلزپارٹی کی حکومت آرہی ہے،جن جن لوگوں سے نوکریاں چھینی گئی ہیں، ان سب کوبحال کریں گے، سرکاری ملازمین سے متعلق عدلیہ کے حالیہ فیصلے کیخلاف اپیل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بنی گالا میں گھرکو ریگولرائزکیا گیا اورگجر نالے پر غریبوں کے گھر توڑے گئے، کیا یہ تبدیلی ہے، مزدور کو اس کی محنت کا صلہ نہیں مل رہا بلاول کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت حقِ روزگار پر اسی طرح ڈاکامارتی رہی تو پورا سندھ سڑکوں پر ہوگا، پانی کی تقسیم میں بدانتظامی عوامی غصے کو جنم دے رہی ہے، عمران خان ہوش کے ناخن لیں۔