ٹھٹھہ: رائلٹی ٹیکس وصولی کیخلاف ٹرک مالکان کا احتجاج ، شاہراہ بند

158

 

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) مکلی غلام اللہ روڈ پر قائم رائلٹی ٹیکس وصول کرنے والوں کی غنڈہ گردی اور زائد ٹیکس وصول کرنے کیخلاف ٹرک مالکان اور ڈرائیوروں کا احتجاجی مظاہرہ، ٹرک کھڑے کرکے غلام اللہ روڈ بلاک، ٹریفک کی آمدورفت معطل، رائلٹی ٹیکس غنڈہ گردی سے ڈبل وصول کیا جارہا ہے، ٹرک مالکان اور ڈرائیوروں کا مؤقف۔ مکلی غلام اللہ روڈ پر قائم رائلٹی ٹیکس ناکہ پر عملے کی جانب سے ریتی بجری کا ٹیکس غنڈہ گردی سے وصول کرنے کیخلاف ٹرک مالکان اور ڈرائیوروں نے غلام اللہ روڈ پر ٹرک کھڑے کرکے سڑک بلاک کردی اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ روڈ بلاک ہونے کے سبب مکلی سے ساکرو غلام اللہ ور آنے جانے والے رستے بھی بلاک ہوگئے اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ اس موقع پر ناکہ پر موجود عملے نے ٹرک ڈرائیوروں اور مالکان سے بدتمیزی بھی کی جس پر ٹرک ڈرائیور مشتعل ہوگئے مگر مالکان کے کہنے پر فساد ہونے سے بچ گیا۔ اس موقع پر ٹرک مالکان عبدالمالک خان۔سید اقبال شاھ احجاز خان اور دیگر نے میڈیا کو رائلٹی ٹیکس والوں کی جانب سے ٹیکس وصول کرنے ڈبل رقم کی رسیدیں اور جعلی رسیدیں بھی دکھائیں جوکہ ناکے پر بھی رکھی ہوئی دیکھی گئیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رائلٹی ٹیکس ریتی بجری کے ٹرکوں سے ڈبل وصول کیا جارہا ہے اور عملہ اور ٹھیکیدار لاکھوں روپے وصول کررہے ہیں عملہ غنڈہ ٹیکس نہ دینے والے ٹرک ڈرائیوروں سے بدتمیزی کرنے کے ساتھ انہیں کئی کئی گھنٹوں تک روڈ پر کھڑا کردیتا ہے انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ نے جو ٹیکس لگایا ہے وہ ہم دینگے غنڈہ ٹیکس وصول کرنے والوں کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے۔