افغانیوں کو کراچی لانے کا فیصلہ موخر،امریکی سہولت کار اسلام آباد پہنچ گئے

126

اسلام آباد (صباح نیوز) افغانستان سے غیر ملکیوں کو کراچی لانے کا منصوبہ موخر کر دیا گیا‘ افغان ٹرانزٹ مسافروں کو اب اسلام آباد تک محدود رکھا جائے گا‘ مسافروں کی اسلام آباد منتقلی کے دوران لاہور اور کراچی ائرپورٹ بھی اسٹینڈ بائی رہیں گے‘ جناح انٹرنیشنل ائر پورٹ کراچی پر نادراا ور ایف آئی اے کے اسپیشل کاﺅنٹرز قائم ہیں‘ افغان شہریوں کی رہائش کے لیے2 ہوٹلوں اور مار کیوں میں انتظامات مکمل کر لیے گئے‘ شہریوں کی رہائش کا انتظام شہری انتظامیہ کی جانب سے کیا گیا‘ ٹرانزٹ مسافروں کی منتقلی کے منصوبے میں تبدیلی سے سندھ حکومت کو بھی آگاہ کر دیا گیا۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کا خصوصی طیارہ اپنے ملازمین اور غیر ملکیوں کو لے کر افغانستان کے شہر مزار شریف سے اسلام آباد پہنچ گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بیچ 1900ڈی طیارہ شام 4 بج کر 51 منٹ پر اسلام آباد ائر پورٹ پر اترا۔ طیارے میں کتنے مسافروں نے پاکستان کے لےے سفر کیا؟ یہ معلومات فوری طور پر نہیں مل سکی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ کے طیارے سے پہنچنے والے غیرملکی اور افغان شہری کچھ دن پاکستان میں قیام کریں گے جس کے بعد انہیں ان کی اگلی منزل پر روانہ کر دیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان تمام مسافروں کو پاکستان پہنچنے پر اسلام آباد ائر پورٹ پر مخصوص مدت کے ویزے جاری کیے گئے ہیں۔