سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر میونسپل کارپورشن کے ایڈمنسٹریٹر علی رضا انصاری نے اپنی ٹیم کے ہمراہ دارالعلوم تفہیم القرآن نمائش گاہ روڈ سکھر پہنچ کر مہتتم ادارہ، جماعت اسلامی سندھ کے صوبائی رہنماء مولانا حزب اللہ جکھر و دیگر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پرانہ سکھر کی ٹوٹی ہوئی سڑکوں، صفائی کے فقدان، قریشی روڈ کی حالت، واٹر ورکس کی ابتر صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ مولانا حزب اللہ جکھرو نے نکاسی آب کے نظام کے ناکام ہونے سے پانی میں ڈوبے قریشی روڈ کا دورہ کیا۔ ناظم جماعت اسلامی پرانہ سکھر روشن علی تنیو کی اوطاق پر اہل علاقہ نے پہنچ کر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ اعلیٰ سکھر کے سامنے شکایتوں کے ڈھیر لگا دیے۔ ایڈمنسٹریٹر سکھر نے تمام مسائل کے جلد حل کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر عبدالحمید تنیو صدر جے آئی یوتھ ضلع سکھر، روشن علی تنیو ناظم جماعت اسلامی پرانہ سکھر سمیت دیگر اہل علاقہ بھی موجود تھے۔