پاکستان ایران اور چین کیخلاف نئی جنگ کی خبریں آرہی ہیں،محمود اچکزئی

160

کو ئٹہ (نمائندہ جسارت) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ روس اور امریکا افغانستان میں بربادی کے ذمے دار ہیں‘ پاکستان، ایران اور چین کے خلاف ایک نئی جنگ کی خبریں آرہی ہیں‘ کوہ ہندوکش کے قریب نئے ملک کی تشکیل کی باتیں ہو رہی ہیں‘ ایسا ہوا تو خطہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگا‘طالبان کو فوری تسلیم کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کوکوئٹہ میں اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان، ایران، چین سمیت دیگر ممالک افغانستان کی خود مختاری کو تسلیم کرتے ہوئے تباہ حال افغانستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں‘ طالبان اسلامی ریاست کی بنیاد خواتین کو جائداد میں حق دینے سے ڈالیں‘ افغانستان میں عبوری حکومت کے قیام کے بعد انتخابات کے ذریعے نئے حکمرانوں کا فیصلہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان، چین اور ایران کو اپنی سیکورٹی کا خود انتظام کرنا ہوگا‘ اب ان ممالک کی عقل کا امتحان ہے کہ وہ کس طرح کوشش کرتے ہیں کہ خطے کو مست سانڈوں کی ٹکر کا میدان نہ بننے دیں۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل میاں نواز شریف اورپی ڈی ایم سے منسلک ہے ،ملک کو آئین کے تحت چلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں یہ قانون ہے کہ کسی ملک سے ہجرت کرکے آنے والوں کو نہیں روکا جاتا افغانستان میں تباہی ہے لوگ خوف سے یہاں آرہے ہیں انہیں آنے دیا جائے ۔