ٹنڈو الٰہیار(نمائندہ جسارت) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی یہ پہلی اور آخری حکومت ہے، عوام جانتے ہیں کہ اپنے حقوق کا تحفظ کیسے کیا جاتا ہے اور کیسے حقوق چھینے جاتے ہیں۔ٹنڈو الہیار میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ جب بھی غیرجمہوری اور سلیکٹڈ حکومت آتی ہے عوام سے ان کے حقوق چھینے جاتے ہیں، جب سے پی ٹی آئی کی حکومت آئی ہے تب سے بے روزگاری شروع ہوئی، مہنگائی اور غربت میں اضافہ ہوا ہے، پہلے دن سے اس ملک کے غریب عوام اس حکومت کے نشانے پر تھے۔بلاول کا کہنا تھا کہ غربت اور بے روزگاری میں اضافہ جو اس حکومت میں ہوا ماضی میں ایسا کبھی نہیں ہوا ہے، سلیکٹڈ حکومت عوام پر ہر طرف سے حملہ آور ہے، عوام کے جمہوری حقوق اور روزگار پر ڈاکے مارے جا رہے ہیں، حکومت عوام کے معاشی قتل پر اتر آئی ہے، اسٹیل ملز کے دس ہزار خاندانوں کو بے روزگار کردیا گیا ہے، ایف آئی اے میں کام کرنے والے ہزاروں افراد کو نکال دیا گیا، نوجوان کو روزگار کا موقع نہیں مل رہا اور جن لوگوں کے پاس روزگار ہے اسے ختم کیا جارہا ہے، پورے ملک میں پبلک سروس کمیشن چل رہے ہیں سندھ ایک ہی صوبہ ہے جہاں پبلک سروس کمیشن پر تالا لگا ہے۔بلاول کا کہنا تھا کہ ماضی میں کبھی مہنگائی اورغربت میں اتنا اضافہ نہیں ہوا، مہنگائی کی شرح میں پاکستان بنگلہ دیش سے آگے نکل گیا ہے، جنگ زدہ افغانستان سے بھی پاکستان میں مہنگائی زیادہ ہے، یہ عمران خان کی تبدیلی ہے، ان کا تین سال میں کارنامہ تاریخی مہنگائی ہے، اگر تین سال میں کوئی کامیابی ہے تو وہ تاریخی غربت ہے، یہ عمران خان کی پہلی اور آخری حکومت ہے۔