اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن واستحکام سے پورا خطہ مستفید ہوگا،افغانستان کو اگر تنہا چھوڑا گیا تو اس کا نقصان سب کو ہوگا،اسپائلرز میں بھارت سرفہرست ہے،بھارت خطے کاامن تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے، ہمسایہ ممالک افغانستان کے معاملے پر پوری طرح باخبر ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ طالبان قیادت کے سب سے رابطے ہیں، افغانستان کے لوگ کئی دہائیوں سے جنگ کا سامنا کر رہے ہیں۔ افغانستان کے لوگ امن چاہتے ہیں، ماضی میں ہونے والی غلطیوں کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، ماضی سے ہم سب کو سبق سیکھنا ہے اس کو دہرانا نہیں چاہیے، اگر افغانستان سے مثبت پیغام آرہا ہے تو اس کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔افغانستان کے معاملے میں پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف ہوئی، پی آئی اے نے اس صورتحال میں اہم کرداراداکیا، پاکستان پر لوگ اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں اورپاکستان کا شکریہ اداکررہے ہیں۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارت نے مختلف گروپس کو دہشت گردی کے لیے جوڑا، خدشات موجود ہیں، ہمیں محتاط رہنا ہوگا، ہم نے افغانستان کے ساتھ اپنا بارڈر بند نہیں کیا۔ بارڈر مینجمنٹ کے لیے اقدامات اٹھائے گئے، میری گزشتہ روز برطانیہ کے وزیرخارجہ سے افغانستان کے معاملے پر بات چیت ہوئی،انہیں پاکستان کو ریڈ لسٹ پر رکھنے کے فیصلے پر نظرثانی کے لیے بھی کہا۔