اسرائیل کیخلاف ایران سلامتی کونسل پہنچ گیا

238

 

 

نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ میں ایران کے سفارتی مشن نے اعلان کیا ہے کہ اس نے سلامتی کونسل کے صدر کو ایک خط بھیجا ہے، جس میں انہیں ایرانی جوہری پروگرام کے خلاف اسرائیلی دھمکیوں پر صہیونی ریاست کے خلاف شکایت کی گئی ہے۔اپنے مکتوب میں ایرانی مندوب نے کہا کہ تہران کے خلاف اسرائیلی دھمکیاں بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کا ثبوت ہیں۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے ایرانی سائنسدانوں اور جوہری مراکز کے خلاف اور علاقے میں تجارتی جہازوں پر حملوں کے علاوہ ایران کے خلاف ان گنت کھلے اور خفیہ اقدامات کیے ہیں۔ مشن نے اسرائیل کی کسی بھی ممکنہ مہم جوئی کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا کہ تہران اسرائیل کی طرف سے کسی بھی خطرے کا جواب دینے کا فطری حق رکھتا ہے۔ دوسری جانب ایران کی سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے سربراہ علی شام خانی کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کا بیان ایران کو غیر قانونی دھمکانے کے مترادف ہے۔ اپنے بیان میں علی شام خانی نے کہا کہ دوسرے آپشنز استعمال کرنے پر زور دینا کسی ملک کو غیر قانونی طور پر دھمکانا ہے۔علی شام خانی نے کہا کہ ایسے بیانات کے بعد ایران کو بھی آپشنز کے جواب کا حق حاصل ہوجاتا ہے۔امریکی صدر جوبائیڈن نے ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق بات چیت کی ناکامی پر دیگر آپشنز استعمال کرنے کا بیان دیا تھا۔امریکی صدر نے ایران سے متعلق یہ بیان اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات کے دوران دیا۔