کرپٹ حکومت کو دفن کرنے کیلئے لاکھوں لوگوں کا سمندر لے کر اسلام آباد جائیں گے، شہباز شریف

477

کراچی: اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ کراچی سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے کراچی ماں ہے جس نے ‏تمام ملک سے آنے والوں کوجگہ دی، کماؤ شہر ہے میٹرو بننا پہلاحق اس شہر کا تھا، عمران نیازی نے چند ٹکوں کے سوا کراچی کو کچھ نہ دیا،۔

کراچی میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ عمران نیازی نے کراچی کیلئے ‏‏1100 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کیا تھا، لیکن آج تک عمران نیازی نے چند ٹکوں کے سوا کراچی کو کچھ نہ دیا، جھوٹے وعدوں پر عوام کو ٹرخایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سندھ کے عوام سے جھوٹے وعدے کیے، عمران خان دن رات جھوٹ بول کر لوگوں کو گمراہ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں کراچی میں بوری بندلاشیں ملتی تھیں ماضی میں کراچی میں بھتہ خوری عروج پر تھی ‏کراچی میں بدامنی کی وجہ سے سرمایہ کار پنجاب جارہے تھے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے حکمت عملی کے ذریعے کراچی میں امن و امان بحال کیا، جو لوگ کراچی چھوڑ گئے تھے اب وہ واپس آ رہے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ کراچی ایک معاشی حب ہے لیکن اس کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا، اگر پی ڈی ایم کو موقع ملا تو اس شہر اور اس ملک کی ترقی کے لیے کام کرے گی، ہم تعلیم و صحت کو مفت فراہم کریں گے۔

شہبازشریف نے کہا کہ کراچی میں پانی کا مسئلہ حل نہیں ہورہا، ن لیگ نے 5 سالوں میں 11 ہزارمیگاواٹ بجلی پیدا ‏کی، ن لیگ کی پالیسی سے کراچی کی روشنیاں بحال ہوئیں، اپنے دل پر ہاتھ رکھ کر بتاؤ چینی اور آٹا سستا ہوا؟، بجلی‏ ،گیس سستی ہوئی؟، ہر چیز آسمان سے باتیں کررہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ محل میں رہنے والے عمران کو کیا پتہ مہنگائی کتنی ہے، گناہ گار لوگ ہیں لیکن دل سے کہتے ہیں ‏ملک سے مہنگائی ختم کریں گے، کرپٹ حکومت کو سیاسی طور پر دفن کرنے کیلئے اسلام آباد جائیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اس مہنگائی کے خلاف عوام کے طوفان کو اسلام آباد لے کر جانا ہوگا اور حکمرانوں کو خس و خاشاک کی طرح بہانا ہوگا، اس کرپٹ حکومت کو سیاسی طور پر دفن کرنے کے لیے فضل الرحمان کی قیادت میں لاکھوں لوگوں کا سمندر لے کر اسلام آباد ضرور جائیں گے۔