امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے ایران سے جوہری پروگرام پر بات چیت جاری ہےاگر تہران سے بات چیت میں ناکامی ہوئی تو دوسرا آپشن استعمال کریں گے۔
امریکی میڈیا کے مطابق صدر جو بائیڈن سے واشنگٹن میں اسرائیلی وزیر اعظم نے ملاقات کی جس میں باہمی تعلقات کے فروغ اور ایران سے متعلق امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر بائیڈن اور اسرائیلی وزیراعظم بینٹ نے اپنی پہلی بالمشافہ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعلقات جاری رکھنے کے عہد کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر صدرجوبائیڈن نے کہا کہ ایران کسی صورت جوہری طاقت نہیں بن سکتا ایران سے جوہری پروگرام پر بات چیت جاری ہے اگر تہران سے بات چیت میں ناکامی ہوئی تو دوسرا آپشن استعمال کریں گے۔
صدر نے کہا کہ یہ بات یقینی ہے کہ ایران نیوکلیئرہتھیار استعمال نہ کر سکےاس کے لیے سفارتکاری کو پہلی ترجیح دے رہے ہیں۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملاقات میں فلسطین کا معاملا بھی زیرغور آیا۔
قبل ازیں وزیر خارجہ بلنکن نے اسرائیل کے وزیراعظم سے ملاقات کی، انہوں نے کہا کہ ہم نے اسرائیل کی سلامتی کے لیے امریکا کے عہد سمیت امریکا۔اسرائیل شراکت کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا، میں دونوں ممالک کی شراکت جاری رہنے اور وزیراعظم اوران کی حکومت کے ساتھ کام کرنے کا متمنی ہوں۔