اسلام آباد: حکومت کی جانب سے بیرونِ ملک جانے والوں کو بوسٹر ڈوز لگانے کی اجازت دے دی گئی اور اب بوسٹر ڈوز لگاوانے کے لئے فیس ادا کرنا ہوگی جبکہ مسافروں کیلئے اضافی ڈوز کا آغاز بھی کیا جا رہا ہے۔
این سی او سی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز کیلیے فی خوراک 1270 روپے مقرر کی گئی ہے اور بیرون ملک سفر کرنے والوں کے لیے اضافی ڈوز کا آغاز بھی کیا جا رہا ہے۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سفر کرنے والوں کیلئے بوسٹر ڈوز صرف منتخب کردہ کورونا وائرس ویکسین سینٹرز پر دستیاب اور لگائی جائے گی جبکہ این سی او سی کی سفارش پر یہ اہم فیصلہ کیا ہے۔
این سی او سی کے مطابق کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگوانے کیلئے چارجز مقرر کر دیئے گئے ہیں اور فی ڈوز 1270 روپے دینے ہوں گے اور یہ فیس سرکاری بینک کی کسی بھی برانچ میں جمع کرائی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 120 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 25 ہزار 535 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 11 لاکھ 48 ہزار 572 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 191 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 88 ہزار 296، سندھ میں 4 لاکھ 28 ہزار 254، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 60 ہزار 88، بلوچستان میں 32 ہزار 111، گلگت بلتستان میں 9 ہزار 835، اسلام آباد میں 98 ہزار 339 جبکہ آزاد کشمیر میں 31 ہزار 649 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 75 لاکھ 85 ہزار 23 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 61 ہزار 306 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 10 لاکھ 29 ہزار 930 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 5 ہزار 596 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 120 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 25 ہزار 535 ہوگئی۔ پنجاب میں 11 ہزار 759، سندھ میں 6 ہزار 803، خیبرپختونخوا میں 4 ہزار 909، اسلام آباد میں 861، بلوچستان میں 338، گلگت بلتستان میں 172 اور آزاد کشمیر میں 693 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔