پشاور (جسارت نیوز)انٹرسروسزہاکی چیمپین شپ کے فائنل میں دفاعی چیمپین نیوی اور آرمی مدمقابل ہونگیں، فائنل کل کھیلاجائیگا، آرمی نے نیوی کو پول میچ میں ہرا کر پوائینٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی، دفاعی چیمپین نیوی کو آرمی کے ہاتھوں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 0-1 گو ل سے شکست ہوئی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی زیرنگرانی پاکستان ایئر فورس ا سپورٹس کنٹرول کمیٹی کے زیراہتمام پی اے ایف بیس پشاور میں انٹرسروسز ہاکی چیمپین شپ کے5ویں میچ میں آرمی نے دفاعی چیمپین نیوی کو 0-1 گول سے شکست دیکر پول میں پہلی پوزیشن کے ساتھ فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ پاکستان نیوی پول میں دوسری پوزیشن کے ساتھ فائنل میچ میں اعزاز کے حصول کے لئے پاکستان آرمی کے مدمقابل ہوگی۔ کھیلے گئے میچ میں آرمی کی جانب سے 40ویں منٹ میں فل بیک عامر سہیل نے پنالٹی کارنر پر ڈریگ فلک کے ذریعے گول ا سکور کرکے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ دفاعی چیمئن نیوی کو میچ کے دوران7 پنالٹی کارنرز ملے لیکن نیوی ان پنالٹی کارنرز پر کوئی فائدہ حاصل نہ کرسکی۔ دوسری جانب آرمی کو4پنالٹی کارنرز ملے جس میں سے ایک پنالٹی کارنر پر گول ا سکور کرکے آرمی نے فتح حاصل کرلی۔