لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مہنگائی کے جہنم کو عمران صاحب اپنی جعلسازی اور جھوٹ سے جنت ثابت نہیں کرسکتے۔ عمران صاحب کا مینڈیٹ جھوٹ، دعوے جھوٹ، کارکردگی جھوٹ، معاشی اعداد و شمار بھی جھوٹ ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران صاحب پہلے حکمران ہیں جنہیں تاریخی معاشی تباہی، بے روزگاری ، غربت کے 3 سال کو اتنے فخریہ انداز میں پیش کرتے دیکھا ہے۔ 3 سال میں مہنگائی کی شرح 3 فیصد سے بڑھ کر 17 فیصد ہوگئی ۔ 35 روپے کلو والا آٹا 100 روپے ہوگیا ۔ 52 روپے کلو چینی 120 روپے کی ہوگئی ۔ بجلی کی فی یونٹ قیمت 11 روپے سے 22 روپے ہوگئی ۔ گیس کی قیمت میں 146 فیصد اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ 3 سال میں5.8 فیصدکی شرح ترقی منفی 0.4 فیصدپر آگئی ہے۔ انہوں نے کہا تین سال میں 16000 ارب کا قرض ، گردشی قرض 1500 ارب سے تین سال میں 3300 ارب ہے ۔ 33 ارب ڈالر خسارہ پی ٹی آئی نے 3 سال میں 40 ارب ڈالر پر پہنچادیا۔ انہوں نے کہا کہ کھاد کی قیمت دوگنا ہوگئی، 5 روپے 35 پیسے ٹیوب ویل کے لیے بجلی کی قیمت فی یونٹ 15 روپے کردی ۔ لیکن ڈٹ کر کھڑا ہے عمران مافیاز، اے ٹی ایمز، آٹا چینی بجلی گیس دوائی ، ایل این جی چوروں کے ساتھ۔