کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کابل میں امن کی مخدوش صورتحال پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ غیرمستحکم افغانستان کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔بلاول ہائوس میڈیا سیل سے جاری بیان میں بلاول زرداری نے کابل ایئرپورٹ دھماکوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ کابل ایئرپورٹ پردھماکوں میں غیرملکیوں سمیت درجنوں افغان شہریوں کو زندگی سے محروم کرنا انسانیت پرحملہ ہے، کابل میں خواتین اوربچوں کو بھی دھماکوں میں نشانہ بناکر دہشت گردوں نے ہرحد پارکردی ہے۔انہوں نے کہاکہ غیرمستحکم افغانستان کسی کے مفاد میں نہیں، اقوامِ عالم کو پرامن حل ہر صورت میں ممکن بنانا ہوگا۔ پی پی چیئرمین نے کورنگی میں آتشزدگی اور جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یقین ہے کہ واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ جلد مکمل کر کے عوام کو حقائق سے آگاہ کیا جائے گا۔ بلاول زرداری نے کہا کہ قیمتی جانوں کا ضیاع صدمے کا باعث ہے۔ انہوںنے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کے بہترین علاج کو یقینی بنایا جائے۔