انٹرسروسز ہاکی: نیوی نے ایر فورس کو 5 گول سے شکست دے دی

231

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کی زیرنگرانی پاکستان ایئر فورس اسپورٹس کنٹرول کمیٹی کے زیراہتمام پی اے ایف بیس پشاور میں انٹرسروسز ہاکی چیمپین شپ کے چوتھے میچ میں دفاعی چمپین پاکستان نیوی نے پی اے ایف کو 0-5 گول سے شکست دیکر اپنی پول پوزیشن بہتر بنالی۔ پاکستان نیوی کی جانب سے حماد علی دو شاندار گول اسکور کیے۔ کھیل کے پہلے منٹ میں حماد علی نے فیلڈ گول اسکور کرکے نیوی کو برتری دلائی۔کھیل کے 16ویں منٹ میں نیوی کی جانب سے ذوالقرنین نے فیلڈ گول کے ذریعہ گول اسکور کرکے اس برتری کو مستحکم بنایا۔ کھیل کے 30ویں منٹ میں نیوی کے کھلاڑی شہباز نے فیلڈ گول اسکور کیا۔ میچ کے 52ویں منٹ میں نیوی کے اسد عزیز پیلٹی کارنر کے ذریعہ ڈائریکٹ ہٹ لگا کر گول کرنے میں کامیاب رہے جبکہ کھیل کا پانچواں اور آخری گول ایک بار پھر نیوی کے کھلاڑی حماد علی نے فیلڈ گول کے ذریعہ اسکور کیا۔ اس میچ کو امپائرز حافظ عاطف ملک انٹرنیشنل اور سبطین رضا نے سپروائز کیا جبکہ یاسر خورشید انٹرنیشنل ریزرو ایمپائر تھے۔ اس میچ کے ججز حمزہ طفیل اور رانا ساجد تھے جبکہ سید علیل عباس نے بطور ٹیکنیکل آفیسر فرائض سرانجام دیے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے سید محمد ظاہر شاہ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔