بینظیر بھٹو کے کزن کی ملکیت ہتھیانے پر 3 ملزمان کو قید

158

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسپیشل اینٹی کرپشن کورٹ سینٹرل نے جعلی کاغذات کے ذریعے بے نظیر بھٹو کے کزن کی ملکیت ہتھیانے کے کیس میں 3 ملزمان عزیز عبدالرحیم، شیخ ماجد اور ملزمہ مسماۃ نسرین بیگم کو جرم ثابت ہونے پر 4،4 سال قید کی سزا سنا دی جبکہ 2 ملزمان فاروق چنا اور صدف امجد کو عدم ثبوت کی بناء پر بری کردیا اور کیس کے مفرور ملزم فیروز اور ملزمہ ندا زہرا کا کیس داخل دفتر کردیا۔ جمعرات کو اسپیشل اینٹی کرپشن کورٹ سینٹرل نے جعلی کاغذات کے ذریعے بے نظیر بھٹو کے کزن کی ملکیت ہتھیانے کے کیس میں محفوظ کیا جانے والا فیصلہ سنایا۔ استغاثہ جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہا۔ عدالت نے ملزمہ نسرین بیگم کوحراست میں لیکر ویمن جیل بھیجنے کا بھی حکم دیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق دونوں ملزمان عزیز عبدالرحیم اور شیخ ماجد یوسی سیکرٹری تھے اور نادرا کی ملازمہ ندا زہرا نے بھی غیر قانونی طور پر ملزمہ نسرین بیگم کے والد کا نام تبدیل کیا جبکہ پراپرٹی کے اصل مالک بینظیر بھٹو کے پھوپھی زاد کزن طارق اسلام نے ایف آئی اے سے رجوع کیا تھا۔