گوادر کے عوام 21 ویں صدی میں بھی پانی کو ترس رہے ہیں،مولانا ہدایت الرحمن

203

گوادر (نمائندہ جسارت) مخلص اور سچے کارکنوں کی راہ میں خوف اور لالچ رکاوٹ نہیں بن سکتے۔ بے لوث اور ایماندار قیادت ہی اپنے عوام کی رہنمائی کرسکتی ہے۔ جب بھی عوام مشکل میں ہوںگے ہم میدان عمل میں ہوںگے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت الرحمن نے پریس کلب گوادر کے پروگرام حال احوال میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع گوادر کی غیر معمولی حیثیت اور پروان چڑھتے میگاپروجیکٹس کے پیش نظر اگر عوام کے معیار زندگی کا جائزہ لیا جائے تو صورتحال مایوس کن ہے۔ پورے ضلع میں بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے اکیسویں صدی کے اس دور میں بھی لوگ بوند بوند پانی کے لیے ترس رہے ہیں۔ بجلی ناپید اور صحت عامہ کی سہولیات تشویش ناک ہیں جو لمحہ فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ سازوں کی غلط منصوبہ بندی کی وجہ سے لوگوں میں مایوسی پھیل گئی ہے اور ہر طرف احساس محرومی کا غلبہ نظر آتا ہے مگر اس کے باوجود لوگوں کے مسائل کے حل لیے سرکاری مشینری حرکت میں نہیں آتی اور احتجاج کے بعد حکومت خواب خرگوش سے باہر نکل آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے لوگوں کے مسائل کے حل کے لیے احتجاج کا راستہ اپنایا، کوسٹل ہائی وے بلاک کی اور احتجاج کے دیگر ذرائع استعمال کیے جو ہمارا جمہوری حق ہے کیونکہ اگر ہم ایسا نہیں کرتے تو یہ گونگے اور بہرے حکمران خواب غفلت سے کبھی بھی بیدار نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آئے روز احتجاج کرنے کا کوئی شوق نہیں لیکن جب بھی عوام پریشان ہونگے ہم اپنی سیاسی ذمے داریاں ادا کرنے کے لیے ضرور نکلیں گے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ ضلع گوادر کے عوام کو درپیش بنیادی مسائل سے نجات دلائے۔ انہوں نے کہاکہ غیرقانونی ٹرالرنگ کی وجہ سے ماہی گیر نان شبینہ کا محتاج بن گئے ہیں اور ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑگئے ہیں بے روزگاری کا عفریت بڑھ رہا ہے اگر ہم سیاسی کارکن اپنے لاچار لوگوں کی آواز نہیں بنیں گے تو ان کے مسائل کون سنے گا۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کے دوران سربندن کے عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا اور کوسٹل ہائی وے پر تین دن تک پرجوش طریقے سے دھرنا دیا اس کی بدولت ہم حکومتی ایوانوں کو کے در و دیوار کو ہلانے میں کامیاب ہوگئے جس کی بدولت سرکاری مشنری حرکت میں آگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی عوام مشکل میں ہوگی ہم میدان عمل میں ہونگے۔ مخلص اور سچے سیاسی کارکنوں کی راہ میں دھونس دھمکیاں اور لالچ رکاوٹ نہیں بن سکتے۔ اہماندرانہ قیادت ہی ہمیشہ سرخ رو ہوتی ہے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے ضلعی امیر مولانا لیاقت بلوچ، تحصیل امیر شکیل کے ڈی، جماعت اسلامی یوتھ سربندن کے رہنما کے بی ارمان اور حسن مراد بخش بھی ان کے ہمراہ تھے۔