دادو (نمائندہ جسارت) دادو کے سہون لنک روڈ پر تیز رفتار کار اور رکشہ میں ٹکر کے نتیجے میں دو رکشہ سواروں سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔ دادو کے سہون لنک روڈ پر پیچوہا اسٹاپ کے قریب تیز رفتار کار اور رکشے میں ٹکر کے نتیجے میں دو رکشہ سوار دیدار اور مجید خشک موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ رحمن ملاح نامی نوجوان شدید زخمی ہوگیا، زخمی اور لاشوں کو سول اسپتال دادو لایا گیا، جہاں سے زخمی کو سول اسپتال سہون منتقل کردیا گیا کہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ ادھر مقامی پولیس کے مطابق ڈرائیور کار چھوڑ کر فرار ہوگیا، کار اور رکشے کو تحویل میں لے لیا گیا۔ جاں بحق دو رکشہ سوار دادو کے نواحی گاؤں مراد خشک کے رہائشی ہیں جبکہ موٹر سائیکل سوار جاں بحق نوجوان رحمن کا تعلق بٹھ محلے دادو سے ہے۔ دادو کی مقامی عدالت نے ایک سال قبل باپ کو قتل کرنے والے ملزم کو پھانسی اور دو لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ دادو کی ماڈل کورٹ کے جج ندیم بدر قاضی کی عدالت نے قتل کا جرم ثابت ہونے پر ملزم الیاس جمالی کو پھانسی کی سزا اور دو لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا فیصلہ سنا دیا۔ سزا پانے والے ملزم کو پولیس نے جوڈیشل لاک اپ سے حیدرآباد سینٹر جیل منتقل کردیا۔ واضح رہے ملزم الیاس جمالی نے سال قبل دادو کے نواحی گاؤں شاہ محمد جمالی میں ملکیت کے تنازع پر اپنے باپ غلام حسین جمالی پر تیز دھار آلہ سے حملہ کرکے قتل کردیا تھا، جس کا مقدمہ ملزم کیخلاف تھانہ اے سیکشن پر درج کیا گیا تھا۔