کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان ہائی کورٹ نے کوئٹہ میں موٹر سائیکلوں پر ون ویلنگ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کردی اور متعلقہ حکام کو 2ہفتے کے دوران مفصل رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ۔ یہ حکم بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس جناب جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ اور جسٹس جناب جسٹس نذیر احمد لانگو پر مشتمل بینچ نے سینئر قانون دان سید نذیرآغا ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر آئینی درخواست کی سماعت کے دوران دیا ۔سماعت کے دوران اے اے جی شہک بلوچ اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل ثناء اللہ ابابکی ، ڈی آئی جی آپریشن اسد خان ناصر، ٹریفک پولیس کی جانب سے محمد انور و دیگر اعلیٰ حکام بھی پیش ہوئے۔ سماعت شروع ہوئی تو درخواست گزار سید نذیرآغا ایڈووکیٹ نے بینچ کو بتایا کہ کوئٹہ شہر اور گردونواح میں نوجوان موٹر سائیکلوں پر ون ویلنگ کرکے اپنی اور دوسروں کی زندگی کے خطرے کا سامان کرتے ہیں اب تک ون ویلنگ کے باعث حادثات کے نتیجے میں بہت سے نوجوان زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں بلکہ بہت سے زخمی اور اپاہج بھی ہوئے ہیں یہ خونی کھیل جمعہ اور اتوار کے روز کوئٹہ کے مختلف علاقوں ائیرپورٹ روڈ ، ہنہ جھیل روڈ ، سریاب اور دیگر علاقوں میں کھیلا جاتا ہے لہٰذا ون ویلنگ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کے احکامات دیے جائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روکا جاسکے جس پر عدالت نے ضلعی انتظامیہ ، پولیس اور ٹریفک پولیس کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ ون ویلنگ کرنے والے نوجوانوں کیخلاف سخت اور موثر کارروائی عمل میں لائیں اور اس سلسلے میںاگلی سماعت تک مفصل رپورٹ پیش کرے اوراب تک ون ویلنگ کرنے والوں کیخلاف کی گئی کارروائی کی تفصیلات بینچ کو دی جائے ۔ سماعت کے دوران ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ ، غیر قانونی رکشوں ، قبضہ مافیا و دیگر کیخلاف کارروائیوں پر مبنی تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی گئی جس میں بتایا گیا تھا کہ ہوائی فائرنگ کرنے والوں کیخلاف موثر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے بلکہ اس سلسلے میں 2ایس ایچ اوز کیخلاف کارروائی بھی کی گئی، اسلحہ لائسنس کی راہداریوں کی تنسیخ بھی کی گئی ہے، ہوائی فائرنگ کرنے والوں کیخلاف مقدمے کا بھی اندراج کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ بڑے پیمانے پر غیر نمونہ نمبر پلیٹس کو گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور دیگر سے اتارا گیا ۔ سماعت کے دوران قبضہ مافیا کیخلاف کارروائی سے متعلق بھی عدالت کو آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ قبضہ مافیا کیخلاف کارروائی کی گئی بلکہ ان سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے ۔ عدالت نے 2ہفتے تک سماعت ملتوی کرنے کا حکم دیتے ہوئے اگلی سماعت تک ون ویلنگ کرنے والوں کیخلاف کارروائی سے متعلق رپورٹ طلب کرلی ہے۔