کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹریز کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات اوررکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے کہا ہے موجودہ نیازی حکومت جھوٹی، بے حس اور نالائق حکومت ہے جنہوں نے لوگوں کو ایک کروڑ نوکریاں دینے کا جھوٹا وعدہ کیا تھا اور اب لوگوں سے روزگار چھین رہی ہے۔محکمہ آرکائیو کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے ایک فیصلے کو سہارا بنا کر جس طریقے سے 11 مختلف وفاقی محکموں سے لوگوں کو صرف ایک نوٹس پر گھر بھیجا جا رہا ہے اس پر ہمیں افسوس ہے۔ انہوں بتایا کہ یہ وہ لوگ ہیں جن کو 1996ء میں سیاسی طور پر انتقام کا نشانہ بنایا گیا اور نوکریوں سے فارغ کیا گیا تھا بعد میں انہیں 2010ء میں قانون سازی کرکے بحال کیا گیا۔ شازیہ مری نے کہا کہ شاید یہ نالائق حکومت انتظار کر رہی تھی کہ یہ فیصلہ آئے تو پھر وہ دھڑا دھڑ لوگوں کو نوکریوں سے فارغ کرے،ہم عدالت عظمیٰسے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اپنے اس فیصلے پر نظر ثانی کرے۔شازیہ مری نے صوبہ سندھ میں پانی بحران پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت صوبہ سندھ کے اندر پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے جس کی بنیادی وجہ ٹی پی اور سی جی لنک کینالز ہیں جن کو پانی بحران کے دوران چلایا جارہا ہے جب تک یہ کینالز کھلے رہیں گے تو لوگوں کو پانی کی قلت کی تکلیف ہوتی رہے گی، ان کینالز کو فوری طور پر بند کیا جائے، صوبوں کے درمیان پانی تقسیم کو برابری کے بنیاد پر1991 کے پانی معاہدہ کے تحت یقینی بنایا جائے۔