گاؤں گاؤں کتابیں پہنچانے والا اونٹ

2252

بلوچستان کے دیہات میں بچوں اور بچیوں کو ایک اونٹ کا شدت سے انتظار رہتا ہے کہ کب وہ آئے گا اور وہ مزے مزے کی کہانیاں پڑھ سکیں گے۔ آٹھ سالہ عائشہ ہفتے بھر سے جمعے کے انتظار میں تھی۔ پچھلے ہفتے جب حنیفہ عبدالصمد اپنی چلتی پھرتی ‘‘ کیمل لائبریری‘‘ کے ساتھ ان کے گاؤں آئیں تو عائشہ اپنے خاندان کے ساتھ شادی کی تقریب میں شرکت کرنے نزدیک کے ایک گاؤں گئی ہوئی تھی۔ واپسی پر جب اسے اپنی سہیلیوں سے معلوم ہوا کہ اس دفعہ حنیفہ بہت سی نئی کہانیوں کی کتابیں بھی لائیں تھیں تو اس کے لیے اگلے جمعے کا انتظار کرنا بہت مشکل ہوگیا صرف عائشہ ہی نہیں مند کے صحرائی علاقے کے تقریباً نصف درجن دیہات میں بچے سارا ہفتے اب ان کتابوں کا انتظار کرتے ہیں ۔ بلکہ بچے ہی کیا نوجوان لڑکیاں اور شادی شدہ خواتین بھی اب حنیفہ اور رحیمہ جلال کی راہ تکتی ہیں جو انہیں کتابیں فراہم کرنے کے علاوہ لکھنے پڑھنے اور بچوں کو اچھے مشغلوں میں مصروف رکھنے کے طریقے بھی سکھاتی ہیں۔