کوئٹہ(این این آئی)لورالائی کے علاقے میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں7دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق بدھ کو سی ٹی ڈی کے عملے نے لورالائی کے علاقے کوہار ڈیم میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپا مارا تو ملزمان نے فائرنگ شروع کردی، جوابی کارروائی کے دوران7دہشت گرد ہلاک جبکہ 3ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ،جن کی تلاش جاری ہے۔ سی ٹی ڈی کے عملے نے مبینہ دہشت گردوں کے زیراستعمال کمپاونڈ سے اسلحہ اور گولہ بارود قبضے میں لے لیا۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔