شیخوپورہ(آن لائن)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف سے مرکزی نائب صدر اورپبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین رانا تنویر حسین نے ملاقات کی،جس میں افغانستان کی حالیہ تبدیلی،کراچی میں پی ڈی ایم کے جلسہ میں نواز لیگ کی شرکت، اضلاع کی سطح پر پارٹی میں تنظیم سازی سمیت دیگر قومی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہاکہ کراچی کے جلسے میں شہباز شریف کی قیادت میں نواز لیگ بھرپور شرکت کریگی،اس وقت پارٹی میں کسی قسم کی کوئی گروپ بندی نہیں ہے ،پارٹی قیادت حکومت مخالف تحریک کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردارادا کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کے 3سال میں عوامی تکالیف اورمشکلات میں کمی آنے کے بجائے اضافہ ہوا ہے، آج قوم کابچہ بچہ حکومت سے نجات حاصل کرنے کے لیے سڑکوں پر آنے کے لیے تیار ہے،ان شااللہ کراچی کے بعد پنجاب میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے نااہل حکومت کے خاتمے کی بنیاد ثابت ہوںگے۔ رانا تنویر حسین نے کہاکہ نواز لیگ افغانستان کی حالیہ تبدیلی پر گہری نظررکھے ہوئے ہے تاہم اس پر حکومت کی طرف سے ابھی تک کوئی واضح افغان پالیسی سامنے نہ آنا ان کی ناکام خارجہ پالیسی کا منہ بولتاثبوت ہے۔