جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد میں نیب سکھر کی ٹیم پر حملے کے کیس میں گرفتار ملزمان ولی جکھرانی، سجاد مستوئی، دیدار جکھرانی، عابد بھٹی، جاوید مینگل اور ارسلان لاشاری سمیت 10 ملزمان کی لاڑکانہ ہائی کورٹ بینچ ٹو کے جسٹس عبدالمبین لاکھو نے 50/50 ہزار روپے کے عوض ضمانت منظور کرلی۔ ملزمان نیب کی ٹیم پر حملے کے کیس میں گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے جیل میں تھے۔ واضح رہے کہ 28 جون کو وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے جیل خانہ جات میر اعجاز حسین جکھرانی کی گرفتاری کے لیے نیب سکھر کی ٹیم نے ان کے جیکب آباد والے گھر پر چھاپا مارا تو وہاں موجود افراد نے نیب کی ٹیم پر مبینہ تشدد کیا تھا، جس کا مقدمہ سول لائن تھانے پر سرکار کی مدعیت پر درج کیا گیا تھا۔ مذکورہ کیس میں جیکب آباد کے فرسٹ سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے صوبائی مشیر اعجاز جکھرانی اور ان کے بیٹے رافع جکھرانی کا نام بھی شامل کیا ہوا ہے۔