لاڑکانہ ،خاتون کے قتل کاجرم ثابت،چاروں ملزمان کو عمر قید

178

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ کی عدالت نے خاتون کے قتل کا جرم ثابت ہونے پر چار ملزمان کو عمر قید اور دو دو لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی ہے۔تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کی تھرڈ ایڈیشنل سیشن و ماڈل کرمنل ٹرائل عدالت میں سال 2017ء کے دوران تھانہ عاقل کی حدود گاؤں بچل شاہ میں قتل ہونے والی خاتون رشیدہ شاہ کے قتل مقدمے کی سماعت ہوئی جس میں جرم ثابت ہونے پر عدالت نے چار ملزمان سہنل شاہ، مصری شاہ، شکیل شاہ اور جمیل شاہ کو عمر قید اور دو دو لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔ واضح رہے کہ اسی مقدمے میں سہنل شاہ ضمانت پر رہا تھا جس کی ضمانت مسترد کرکے اسے دیگر مجرموں کے ہمراہ ہتھکڑیاں لگاکر لاڑکانہ سینٹرل جیل منتقل کیا جبکہ اسی مقدمے میں مقتولہ خاتون کا شوہر سید عباس شاہ روپوش ہے، مقتولہ رشیدہ شاہ کے قتل کا مقدمہ ان کے بھائی سید ضمیر شاہ کی مدعیت میں تھانہ عاقل پر درج کیا گیا تھا۔