اثاثہ جات کیس: خورشید شاہ کیخلاف 5 گواہوں کے بیانات قلمبند

201

سکھر (آئی این پی) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ، ان کی 2 بیگمات، 2 بیٹوں ایم پی اے سید فرخ شاہ، زیرک شاہ، داماد سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ سمیت 18 سے زائد ملزمان کے خلاف ایک ارب 23 کروڑ روپے سے زائد آمدن کے اثاثے بنانے کے الزام میں دائر نیب ریفرنسز کی سماعت، 5 گواہان نے بیانات ریکارڈ کرادیے، نیب اور خورشید شاہ کے وکلاء نے دلائل دیے، سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ ہی اس ملک کو محفوظ رکھ سکتی ہے، حکمران پارلیمنٹ سے نہ بھاگیں اور افغان مسئلے پر حکومت پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے مگر یہ لوگ تو پارلیمنٹ کی اہمیت کو سمجھتے ہی نہیں ہیں۔ اس وقت موجودہ صورتحال اچھی نہیں ہے پاکستان پرامن افغانستان چاہتاہے مگر افغانستان سے تو بھارت کے بھی مفادات وابستہ ہیں اور وہ یوں اپنے مفادات نہیں چھوڑ سکتا۔