پی ایس بی پشاور کے خلاف تیراندازوں کا احتجاج

453

پشاور(جسارت نیوز) پختونخواہ آرچری کلب کے کھلاڑیوں نے پیر کے روز پی ایس بی پشاور کوچنگ اینڈ ٹریننگ سینٹر میں کھیلنے پر پابندی کیخلاف پی ایس بی پشاور سینٹر کے مین گیٹ کے سامنے مظاہرہ کیا۔مظاہرے میں شامل تیر اندازوں میں پیرا آرچری کی خاتون گولڈ میڈلسٹ حسنہ بیگم ، و خیبر پختونخواہ انڈر 16 اور انڈر 21 میں نمایاں پوزیشن ہولڈر کھلاڑیوں نے شرکت کی، جنہوں نے بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر آرچری پر پابندی نامنظور کے نعرے درج تھے۔کھلاڑیوں کا موقف ہے کہ پی ایس بی پشاور کے ڈائریکٹر نے چمن میں ری نیویشن اور فوارہ بنانے کے نام پر انہیں نکال دیا قبل ازیں ٹیبل ٹینس ، بیڈمنٹن ، والی بال اور کراٹے کے کھلاڑیوں کو نکال دیا گیا تھا جو کہ کھیل اور کھلاڑیوں کیساتھ زیادتی ہے ۔کھلاڑیوں کا یہ موقف ہے کہ پی ایس بی ایک طرف کھیلوں کے فروغ کے دعویدار ہیں جبکہ دوسری طرف کھلاڑیوں پر کھیل کے دروازے بند کیے جارہے ہیں جو ناانصافی ہے۔انہوں نے وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا سے اس معاملے میں نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا۔