لورالائی نے 2 روزہ سٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیت لیا

285

 

کراچی (سید وزیر علی قادری)لورالائی نے 2 روزہ سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن ٹورنامنٹ 22- 2021 کا بلوچستان لیگ کا ٹائٹل جیت لیا۔ لورالائی یہ ٹائٹل پہلی اننگز کی برتری کی بنیاد پر جیتا جب کہ ان ٹیموں کا فائنل اتوار کو کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم میں لسبیلہ کے خلاف ڈرا پر ختم ہوا تھا۔ لورالائی نے کامیابی کے ساتھ اپنی پہلی اننگز کے اسکور کا 304 رنز 8 وکٹوں پر دفاع کرتے ہوئے لسبیلہ کو 293 پر آؤٹ کردیا۔ لورالائی کی فتح میں ناصر خان کی بیٹنگ کا اہم کردار رہا انہوں نے پہلی اننگز میں 108 رنز بنائے۔13 ٹیمز پر مشتمل بلوچستان لیگ کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا۔ پول اے میں لورالائی جبکہ لسبیلہ پول بی میں ٹاپ پر رہا۔ لورالائی کے ثناء￿ اللہ 7 میچوں میں 62.40 کی اوسط کے ساتھ 624 رنز کے ساتھ کامیاب ترین بلے باز رہے۔ ٹورنامنٹ میں ان کا بہترین 187 رنز تھا ،انہوں نے 2 سنچریاں بھی بنائیں۔ لسبیلہ کے عاقب جنید جنہوں نے فائنل میں 67 رنز بنائے تھے 6 میچوں میں 68 کی اوسط کے ساتھ 544 رنز بنا کر دوسرے نمبر پر رہے۔ عاقب نے ناقابل شکست 148 رنز بھی بنائے۔ انہوں نے 3 سنچریاں اور 2 نصف سنچریاں اسکور کیں۔بولنگ چارٹ میں جعفر آباد کے فہد حسین نے 6 میچوں میں 38 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے 2 مرتبہ 5 وکٹیں اور ایک مرتبہ 10 وکٹیں حاصل کیں ، اننگز میں 61 کے عوض 6 وکٹیں انکی بہتر کارکردگی رہی۔بولنگ چارٹ میں دوسرے نمبر پر نصیر آباد سے تعلق رکھنے والے محمد عرفان رہے جنہوں نے ٹورنامنٹ میں 6 میچوں میں 38 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے 4 مرتبہ 5 وکٹیں اور 3 مرتبہ 10 وکٹیں حاصل کیں ، اننگز میں 42 کے عوض 7 وکٹیں حاصل کیں۔ پشین کے محمد جاوید ، کوئٹہ کے سید زین اللہ اور سبی کے رسول بخش نے 34 شکار کئے۔ اس کے علاوہ سندھ سے کراچی زون VI ، خیبر پختونخوا سے مردان ، سینٹرل پنجاب سے شیخوپورہ نے سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن ٹورنامنٹ 22-2021کی اپنی لیگز جیت لیں۔