اسلام آباد (آن لائن) عدالت عظمیٰ میں وزیراعظم کے ارکان اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز کے اجراء کا کیس، بلوچستان بار کونسل نے عدالت عظمیٰ کے 11 فروری کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی درخواست دائر کردی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ عدالت عظمیٰ نے اپنے فیصلے میں قاضی فائز عیسیٰ کو وزیراعظم کے خلاف جانبدار قرار دیا، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت عظمیٰ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو وزیراعظم کے خلاف کیس سننے سے منع کرنے کا فیصلہ واپس لے، عدالت عظمیٰ ترقیاتی فنڈز کے کیس سننے والے بینچ میں نوٹس لینے والے جج جسٹس مقبول باقر کو شامل کرے، واضح ہونا چاہیے کہ چیف جسٹس کسی جج کو بینچ یا کیس سننے سے روک سکتے ہیں یا نہیں، جس جج پر تعصب کا اعتراض اٹھایا جائے، اسی جج نے فیصلہ کرنا ہوتا ہے۔