بلاول دبئی سے کراچی پہنچ گئے، 2 روز بعد پنجاب جائینگے

214

کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری دبئی سے کراچی پہنچ گئے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ بلاول زرداری 5 روز سے نجی دورے پر دبئی میں تھے، 2 روز کراچی میں قیام کے بعد پنجاب کے دورے پر روانہ ہوجائیں گے۔ اس سے قبل کہا جا رہا تھا کہ بلاول دبئی میں مختصر قیام کے بعد امریکا چلے جائیں گے جہاں امریکی حکام سے افغانستان میں قیام امن، سفارتی، انسانی حقوق اور بین الاقوامی تعلقات، پاکستان کے مستقبل کے تعلقات اور ملک کی سیاسی صورتحال کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔ دوسری جانب بلاول زرداری سے پی پی پی بلوچستان کے صدر میر چنگیز جمالی اور جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں بلوچستان سے متعلق سیاسی و تنظیمی امور پر بات چیت کی گئی۔ علاوہ ازیں چیئرمین پی پی سے پی پی پی الیکشن سیل کراچی کے انچارج نجمی عالم نے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی، ملاقات میں نجمی عالم نے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات سے متعلق صورت حال سے چیئرمین پی پی پی کو آگاہ کیا۔