شاہ محمود قریشی نے دورہ کابل پر بھارتی میڈیا کا پروپیگنڈہ مسترد کردیا

453

اسلام آباد: شاہ محمود قریشی نے افغانستان کی موجودہ صورتحال پر اہم بیان میں کہاہےکہ بھارتی میڈیا نے میرے کابل جانے کا واویلا کیا اور غیر ذمہ دارانہ گفتگو کی جس سے ان کی اپنی ساکھ متاثر ہوتی ہے، اسے بات کرنے سے پہلے تصدیق کرنی چاہیے، میں کابل نہیں گیا، بلکہ پاکستان میں ہی اہم میٹنگز اٹینڈ کیں۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ایک ٹوئیٹ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہناتھاکہ افغانستان میں امن مخالف قوتیں آج بھی متحرک ہیں، پاکستان کو نیچا دکھانے کی سوچ پر کار بند رہ کر بھارت افغانستان یا خطے کی کوئی خدمت نہیں کرے گا، مودی سرکار کو اپنی محدود سوچ ترک کرنا ہوگی۔

شاہ محمود قریشی نے دورہ کابل پر بھارتی میڈیا کاپروپیگنڈہ مسترد کر دیا، ان کا کہناتھاکہ بھارتی ميڈيا پر ان کے کابل جانے کا واويلا اور غیرذمہ دارانہ گفتگو کی گئی، غير ذمہ دارانہ گفتگو سے ان کی اپنی ساکھ متاثر ہوتی ہے، بھارتی ميڈيا کو بات کرنے سے پہلے تصديق کرنا چاہيے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور خطے کے ہمسایہ ممالک افغانستان میں قیام امن چاہتے ہیں لیکن افغانستان میں امن مخالف قوتیں ‘اسپائیلرز’ آج بھی متحرک ہیں، ہمیں بھارت کے افغانستان سے اچھے تعلقات پر اعتراض نہيں، ہمارا افغانستان میں فوکس کسی ايک گروپ پر نہيں۔