ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) جھرک کے تاریخی قبرستان پر بااثر افراد کی جانب سے قبضہ کرکے بائونڈری وال لگادیے گئے، قبرستان کے پلاٹ فروخت ہونے لگے، مقامی افراد کا قبرستان پر قبضے اور اسکے پلاٹ کی فروخت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ۔ جھرک کے قدیمی تاریخی قبرستان پر بااثر افراد نے قبضہ کرلیا اور پکی بائونڈری وال لگاکر پلاٹ بیچنا شروع کردیے ہیں، جس کیخلاف جھرک کے رہائشیوں نے مکلی میں ایک احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے امجد شورو، غلام مصطفی ملاح، ارشد ملاح، نوید سولنگی، محمد حسن جھرکانی، جانی ملاح، باسط میمن اور دیگر نے کہا کہ جھرک کا قبرستان تاریخی اور قدیمی ہے، جس پر گزشتہ دو مہینوں سے بااثر افراد نے قبضہ کرکے پکی بائونڈری وال اور جگہیں بنانا شروع کردی ہیں اور اس قبرستان کے پلاٹ بیچے جارہے ہیں جوکہ جھرک کے لوگوں سے بڑی نا انصافی ہے۔ انہوں نے تاریخی قبرستان پر قبضے کی اطلاع جھرک پولیس سمیت ضلعی انتظامیہ کو بھی دی مگر انتظامیہ نے ابھی تک کوئی نوٹس نہیں لیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر مافیا نے اسی طرح قبضے جاری رکھے تو مرنے والوں کے لیے دفن کرنے کی کوئی جگہ بھی نہیں بچے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ قبرستان پر ہونے والے قبضے کو خالی کرانے اور قبضہ مافیا کیخلاف سخت کارروائی کرکے ہمیں پریشانی سے بچائے اور قبرستان کے چاروں طرف سرکاری طور پر چار دیواری بنوا کر قبضے خالی کرائے جائیں بصورت دیگر سخت احتجاج کیا جائے گا۔