اسلام آباد ( نمائندہ جسارت)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن خطے کی ترقی اور دنیا کی سلامتی کے لیے اہم ہے، افغانستان میں امن اورمستحکم حکومت کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، پاکستان اور چین کے باہمی تعاون اور ترقی کو دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں ہونے د یں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چینی سفیر نونگ رونگ سے ملاقات کے دوران کیا۔ پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے اتوار کو وزیر داخلہ کی رہائشگاہ پر ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاک چین دوطرفہ تعلقات سمیت خطے کی مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے چینی سفیر اور دیگر سفارتی عملے کو ظہرانہ بھی دیا۔اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ افغانستان میں تبدیل ہوتے حالات کے پیش نظر ہمارا خطہ اور زیادہ اہمیت اختیار کرچکا ہے، افغانستان میں پائیدار امن خطے کی ترقی اور دنیا کی سلامتی کے لیے اہم ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ افغانستان میں امن اورمستحکم حکومت کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ افغانستان سے نکلنے والوں کو بھر پور معاونت دے رہی ہے، چینی شہریوں اور پاکستان میں کرنے والی چینی کمپنیوں کی سیکورٹی کو مزید بہتر بنائیں گے، چینی شہریوں کی حفاظت کیلیے مشترکہ حکمت عملی ترتیب دے رہے ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے باہمی تعاون اور ترقی کو دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں ہونے د یں گے۔اس موقع پر چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان میں چینی کمپنیاں مختلف منصوبوں پر کام کر ر ہی ہیں، چینی شہریوں اور کمپنیوں کے لیے سیکورٹی پرٹوکول مزید سخت کیا جائے۔