اسلام آباد: اندرون ملک سفر کرنے والوں پر نئی پابندی عائد، سی اے اے

376

اسلام آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے اندرون ملک فضائی سفر کے لیے مسافروں پر کورونا ویکسی نیشن کی لازمی شرط عائد کردی ہے اور سفر کے دوران ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد بھی کروانے کا حکم جاری کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندرون ملک فضائی سفر کے لیے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کیا ہے، جس کے تحت 10ستمبر 2021 سے اندرون ملک ویکسین کے بغیر سفر نہیں کیا جا سکے گا۔

 

سی اے اے اعلامیے کے مطابق کورونا ویکسین نہ کروانے والوں کو بورڈنگ کارڈ جاری نہیں کیے جائیں گے اور ایئرلائنز انتظامیہ کو اندرون ملک سفر کے لیے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ چیک کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

واضح رہے سی اے اے کا کہنا ہے کہ 18 سال سے زائد عمر والے ویکسی نیشن کرانے پر ہی اندرون ملک فضائی سفر کرسکیں گے۔

خیال رہے کہ کوروناوائرس کے پیش نظر سفر کے دوران ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد بھی کروایا جارہا ہے جبکہ ایئرپورٹس اور طیاروں میں فیس ماسک کا استعمال لازمی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر ایک بار پھر زور پکڑنے لگی ہے جس کے بعد مسافروں اور عملے کو بھی احتیاطی تدابیر پر ہرممکن عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک میں کورونا وبا سے متعلق تازہ اعداد وشمار جاری کردیے جن میں بتایا گیا کہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے باعث مزید 75افراد انتقال کرگئے جس کے بعد ملک میں کوروناوائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 24ہزار 923 ہوگئی۔