بلدیہ سکھر کے ڈیلی ویجز ملازمین کی اسکروٹنی شروع

398

سکھر (نمائندہ جسارت) بلدیہ اعلیٰ سکھر شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں، سینی ٹیشن اسٹاف کی کمی کو دور کرنے کے لیے ڈیلی ویجز ملازمین کی اسکروٹنی کا عمل شروع کردیا گیا۔ ہفتہ کے روز وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی و سابق میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے بندر روڈ پر جاری ڈیلی ویجز ملازمین کے انٹرویوز و اسکروٹنی کے عمل کا جائزہ لیا تاکہ صرف عملی طور پر فرائض انجام دینے والے ملازمین کو ہی بھرتی کیا جاسکے۔ میونسپل افسران پر مشتمل اسکروٹنی کمیٹی کے ممبران عابد علی انصاری، مشتاق جمانی، نعمان کلہوڑو، عبدالرزاق، حبیب اللہ شیخ نے ڈیلی ویجز پر بھرتی کے خواہشمند افراد کے انٹرویو لیے جبکہ آبزرور کمیٹی کے ممبران سابق ڈپٹی میئر سکھر طارق حسین چوہان، سابق یوسی چیئرمینز مختار کھوکھر، یاسین آرائیں، احسان لاشاری، سابق خواتین اراکین کونسل غزالہ انجم، عذرا جمال اور سابق میونسپل افسر پیر عطاء الرحمن خان کی جانب سے اسکروٹنی کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی و سابق میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی سربراہی میں مذکورہ کمیٹیز کے ممبران نے تمام امیدواروں کے فرداً فرداً ٹیسٹ لیے اور ان کی عملی طور پر کام کرتے ہوئے ویڈیوز بھی ریکارڈ کی گئیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی و سابق میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کا کہنا تھا کہ اس سارے عمل کا مقصد صرف اور صرف بھرتیوں کو شفاف بنانا ہے، سکھر ہم سب کا ہے، میں تمام شہریوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ آبزرور کمیٹی کا حصہ بنیں اور بھرتی کے عمل کو شفاف بنانے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔ انہوں نے ایڈمنسٹریٹر سکھر علی رضا انصاری اور میونسپل کمشنر محمد علی شیخ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں اعلیٰ افسران کی کاوشوں کو جتنا سراہا جائے کم ہے، افسران نے بھرتیوں میں شفافیت کے لیے جو اقدامات کیے وہ قابل تعریف ہے، ہمیں امید ہے آئندہ آنے والے دنوں میں شہر میں صفائی کے نظام میں نمایاں بہتری نظر آئے گی۔