کراچی(اسٹاف رپورٹر)مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز و رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ تباہی سرکار پی ایم ڈی اے کے ذریعے اپنے جرائم پر پردہ ڈالنا چاہتی ہے اور عمران خان اپنے سارے شیر پی ایم ڈی اے میں بھرتی کر چکے ہیں ۔ موجودہ حکومت خود فیک نیوز کی پیداوار ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ عمران خان اور ان کے ایجنٹ صداقت سے ڈرتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کیا ہے۔ مرکزی اطلاعات سیکرٹری پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری نے کہا کہ عمران خان سمجھتے ہیں صرف سچ وہ ہے جو خود بولتے ہیں، اور کہا کہ وزیر اطلاعات نے میڈیا یونینز کے بارے میں جھوٹ بول کر اپنے آپ کو بے نقاب کیا، جبکہ محترمہ بینظیر بھٹو نے پرنٹ میڈیا کو کاغذ کے کوٹا سے نجات دی ۔شازیہ مری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت خود فیک نیوز کی پیداوار ہے، ان عظیم صحافیوں کو سلام جنہوں نے کوڑے کھاکر بھی آزادی صحافت کا پرچم بلند رکھا۔ انہوںنے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی صحافیوں کے ویج ایوارڈ کے حق کو اپنا اصول سمجھتی ہے۔