سراج الحق کے دورہ میرپورخاص کی تیاریاں عروج پر

259

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کے دورہ میرپورخاص کی تیاریاں عروج پر، شہر میں بڑی تعداد میں خیر مقدمی پوسٹرز، پینا فلیکس اور جماعت اسلامی کے جھنڈے لگا جارہے ہیں، ہزاروں شہریوں تک عظیم الشان کنونشن کی دعوت دینے کے لیے ہینڈ بل تقسیم، جماعت اسلامی کی برادر تنظیمات پر مشتمل مختلف دعوتی وفود کے ذریعے شہر کی سیاسی، سماجی، شخصیات، علماء کرام، تاجران، وکلاء اور معززین کو کنونشن کے دعوت نامے تقسیم کیے جارہے ہیں۔ عظیم الشان تاسیسی کنونشن کے حتمی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر امیر ضلع محمد افضال آرائیں، امیر شہر حاجی نورالٰہی مغل، عبدالرشید شیخ، محمد رفیق چوہان بھی موجود تھے۔ ذمے داران نے اس موقع پر جلسہ گاہ کا بھی دورہ کیا اور مختلف امور کا جائزہ لیا۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ محترم سراج الحق کا دورہ اور عظیم الشان کنونشن سے خطاب، میرپورخاص میں جماعت اسلامی اور دینی قوتوں کے استحکام، سیاسی میدان میں قوت کا باعث بنے گا۔ انہوں نے ذمے داران اور کارکنان سے کہا کہ کوشش کریں کہ شہر کے ہر طبقے اور شعبے سے وابستہ افراد تک بھرپور دعوت پہنچائی جائے اور کوئی شہری اس کنونشن کی دعوت سے محروم نہ رہے۔