سکھر، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈرائیو تھرو ویکسی نیشن سینٹر قائم

251

سکھر (نمائندہ جسارت) ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈرائیو تھرو ویکسی نیشن سینٹر قائم، سکھر کی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت نے سکھر شہر میں کورونا ویکسی نیشن کا عمل تیز کردیا ہے اور اس سلسلے میں شہریوں کی سہولت کے لیے سکھر بیراج کے قریب لب مہران کے مقام پر ڈرائیو تھرو ویکسی نیشن سینٹر قائم کردیا ہے، جس کا افتتاح ڈپٹی کمشنر سکھر جاوید احمد اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سکھر ڈاکٹر جمیل احمد مہر نے کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ سینٹر شہریوں کی سہولت کے لیے قائم کیا گیا ہے، جہاں پر شہری اپنی موٹر سائیکل، کار یا دیگر گاڑیوں پر آئیں گے، انہیں گاڑی سے اترنے کی بھی ضرورت نہیں پڑے گی، ان کی گاڑی میں بیٹھے بیٹھے ویکسی نیشن کردی جائے گی۔ اس سے قبل ہم نے شہریوں کی سہولت کے لیے کلچرل ہال میں بھی سینٹر قائم، ہماری شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ نہ صرف کورونا ویکسی نیشن کروائیں بلکہ اس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور نہ صرف خود کو بلکہ اپنے پیاروں کو بھی اس وبا سے بچائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ویکسی نیشن سینٹروں پر ہمارا عملہ شہریوں کی خدمت کے لی یہر وقت موجود ہے۔