ساہیوال ،چارہ کاٹنے کے تنازع پر فائرنگ ،2 بھائی قتل

332

ساہیوال (این این آئی) نواحی گائوں مہناں والا داخلی میرن شاہ میں چارہ کاٹنے کے تنازع پر فائرنگ کر کے ایک ہی خاندان کے دو سگے بھائیوں کو قتل، 5 خواتین سمیت 8 افراد کو گولیاں مار کر شدید زخمی کردیا گیا، زخمیوں میں چار کی حالت نازک ہے۔ واقعات کے مطابق اسی گائوں کے سکندر کے بیٹے حسنین کا چارہ کاٹنے پر اپنے پڑوسی ایمی سے جھگڑا ہوگیا اور دونوں نے ایک دوسرے کو گالی گلوچ کیا جس پر مشتعل ہوکر ایمی وغیرہ آتشی اسلحہ سے مسلح ہو کر آگئے، جب حسنین اور اس کا بھائی عدنان چارہ کاٹنے کے لیے آئے تو گولیاں مار کر دونوں کوقتل کردیا جبکہ تیسرا بھائی صفدر کزن، صدی احمد، ساجد علی 27 سالہ، راجن بی بی 30 سالہ، بھگاں 22 سالہ، نادیہ 20 سالہ، صاحب بی بی 29 سالہ اور حلیماں 50 سالہ چیخ و پکار کرتے ہوئے آئے تو ملزموں نے گولیاں مار کر انہیں بھی شدید زخمی کردیا اور فرار ہوگئے۔ پولیس نور شاہ نے زخمیوں کو ساہیوال ٹیچنگ اسپتال داخل کرا دیا جبکہ دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کردیا۔ زخمیوں میں صفدر سمیت چار کی حالت نازک ہے، پولیس نور شاہ نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی، ابھی تک کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوسکا۔ نور شاہ روڈ کوٹ خادم علی شاہ میں بیکری کی دکان پر ڈاکوئوں نے بیکری مالک کو گولی مار کر قتل کردیا، دکانداروں کا احتجاج۔ واقعات کے مطابق محرم الحرام کے روز رات 12 بجے بیکری کے مالک اظہر اقبال بیکری پر بیٹھا تھا کہ آتشی اسلحہ سے مسلح دو ڈاکو آگئے، اسلحہ تان کر بیکری میں داخل ہوگئے، لوٹ مار کرنے پر بیکری مالک اظہر اقبال نے مزاحمت کی اور ایک ڈاکو کو قابو کرلیا تو دوسرے نے گردن پر پستول سے گولی مار کر قتل کردیا، دونوں ڈاکو موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے۔ پولیس فرید ٹائون نے مقتول کے بھائی منیر احمد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی، ڈاکوئوں کا سراغ نہیں مل سکا۔ دکانداروں نے ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر احتجاج کیا اور متنبہ کیا کہ 24 گھنٹے کے اندر ڈاکوئوں کو گرفتار نہ کیا تو دکاندار شٹر ڈائون ہڑتال پر مجبور ہوں گے اور حالات کی تمام تر ذمے داری پولیس پر عائد ہوگی۔