ایران میں یورینیم افزودگی پر یورپی ممالک کا اظہار تشویش

200

برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) جرمنی، فرانس اور برطانیہ نے یورینیم افزودہ کرنے کی سرگرمیوں میں اضافہ کے حوالے سے آئی اے ای اے کی تازہ رپورٹ پرسخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس نئی پیش رفت سے جوہری معاہدے میں امریکا کی واپسی کا امکان خطرے میں پڑسکتا ہے۔ جوہری سرگرمیوں پر نگاہ رکھنے والے اقوام متحدہ کے ادارے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے یورینیم افزودہ کرنے کی ایران کی صلاحیتوں کے حوالے سے تازہ ترین پیش رفت کے متعلق ایک رپورٹ شائع کی ہے۔ اس رپورٹ پر جرمنی، فرانس اور برطانیہ کی وزارت خارجہ نے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔آئی اے ای اے نے ویانا میں جاری اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ایران نے یورینیم کی افزدگی کا سلسلہ جار ی رکھا ہوا ہے جسے جوہری بم کی تیاری میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔تینو ں یورپی ممالک جرمنی، فرانس اور برطانیہ کی وزارت خارجہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ایران کا یہ اقدام سنگین خلاف ورزی ہے ۔ اس سے قبل آئی اے ای اے نے تصدیق کی تھی کہ ایران پہلی بار 20 فیصد تک یورینیم کو افزودہ کر رہا ہے اور اس نے افزودہ یورینیم کی پیداواری صلاحیت 60 فیصد تک بڑھا لی ہے۔ جرمنی، فرانس اور برطانیہ کی وزات خارجہ کی طرف سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ یہ دونوں چیزیں جوہری ہتھیاروں کی تیاری کی سمت اہم پیش رفت ہے ،جب کہ ایران کو اس طرح کے اقدامات کی ضرورت نہیں ہے۔