تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی سے ٹیلیفون پر گفتگو میں کہا ہے کہ یمن میں جنگ روکنے کے لیے ہمیں کوششیں تیز کرنا ہوں گی۔ ایرانی ایوان صدر نے تحریری بیان میں بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے تعلقات ، عراق میں ہونے والے اجلاس اور یمن کی خانہ جنگی جیسے معاملات پرغور کیا۔ ابراہیم رئیسی نے کہا کہ یمن میں جنگ روکنے کے لیے ہمیں کوششیں تیز کرنا ہوں گی اور ہر ایک کو یمنی عوام کے حقوق کا احترام کرنا چاہیے۔ ایرانی صدر نے کہا کہ ایک مستحکم، آزاد،محفوظ اور ترقی یافتہ عراق کو دیکھنا ہماری خواہش ہے۔اگلے ماہ عراق میں ہونے والے اجلاس میں مجھے مدعو کیا جانا باعث مسرت ہے اور میں عراقی وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عراق کے استحکام کے سلسلے میں ہر مثبت پیش رفت کا وہ خیر مقدم کریں گے۔ علاقائی ممالک تعاون سے پائیدار امن و استحکام حاصل کرنے کی استعداد رکھتے ہیں۔ بیرونی مداخلت ہمارے خطے میں عدم استحکام کا باعث بنی ہے۔ایرانی و عراقی عوام مشترکہ نظریات کے حامل ہیں اور دشمنوں کی کئی سازشوں کے باجود ہماری عوام کے درمیان تعلقات میں کوئی دراڑ پیدا نہیں ہوئی۔