کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا حق و باطل کا ایک ایسا معرکہ ہے جو ہر دور میں جاری رہا اور جاری رہے گا۔ حسینیت یہی ہے کہ ہر دور کے یزید کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے۔ یوم عاشور کے موقع پر میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ امام حسین علیہ السلام دنیا بھر کے انسانوں کے لیے شجاعت کا ایک درس ہیں، حسینیت دراصل ایک عظیم مقصد کی خاطر مزاحمت کا دوسرا نام ہے اور یوم عاشور کا سبق یہی ہے کہ ہم نے اپنے کردار میں حسینی بن کر وقت کے یزیدوں کو للکارنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاندانِ اہلبیت نے سرزمین کربلا پر ایسی قربانی دی کہ رہتی دنیا تک انسانیت اس واقعے کو فراموش نہیں کرسکتی، صدیاں بیت گئیں مگر حضرت محمد صلی اللہ وعلیہ وسلم کے خانوادے کے مصائب کا دکھ آج بھی تروتازہ ہے ۔ چیئرمین بلاول زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی فلسفہ حسینیت پر عمل کرتے ہوئے ہمیشہ وقت کے ظالموں سے ٹکرائی ہے اور کردارِ حسین علیہ السلام کی تقلید میں پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے اپنی جانوں کے نذرانے بھی پیش کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسفہ حسینیت ہی دراصل ہمارا منشور ہے اور مزاحمت کا عَلم تھام کر ہم اہلیان کربلا کی پیروی کرتے رہیں گے۔