امام حسین ؓ نے شخصی آمریت کے خلاف جہاد کیا، سراج الحق

499

لاہور: امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہناہے کہ واقعہ کربلا پوری انسانیت کے لیے درسگاہ ہے ، امام حسین ؓ نے شخصی آمریت کے خلاف جہاد کیا اور ان اصولوں کو زندہ رکھا جس کی بنیاد پر نبی اکرم نے مدینہ ریاست کی بنیاد رکھی ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ ہمیں اسوہ رسول سے رہنمائی لینا ہوگی، افسوس کہ پاکستانی حکمران ملک کو مدینہ ریاست نہ بناسکے،آنے والے دنوں میں خارجہ اور داخلہ محاذوں پر پاکستان کی ذمہ داریاں مزید بڑھیں گی۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ مینار پاکستان پر قوم کی ایک بیٹی کے ساتھ پیش آنے والا سانحہ انتہائی قابل مذمت ہے،  اس سے قوم کا سر شرم سے جھک گیا،  حکومت ملزمان کی فوری شناخت کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچائے۔

سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی نے بیٹیوں بہنوں کی عزت وناموس کی حفاظت کے لیے زینب بل میں ایسے ملزمان کے لیے سزائے موت تجویز کی تھی، عورتوں کی عزت و ناموس کا تماشا اڑانے والے بدکرداروں کو سخت سزا ہوگی تب ہی معاشرے میں امن و سکون قائم ہوسکے گا۔

انہوں نے کہاکہ طالبان نے افغانستان میں فتح کے بعد جس تحمل اور برد باری کا مظاہرہ کیا ، وہ قابل ستائش ہے، دنیا کو طالبان کی افغانستان میں امن اور استحکام کے قیام کے لیے مدد کرنی چاہیے۔