لاڑکانہ پولیس کی کارروائی، ملزم سے چرس برآمد،مقدمہ درج

97

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ پولیس نے یوم عاشور کے پیش نظر ضلع بھر میں حفاظتی انتظامات انتہائی سخت کرتے ہوئے ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت اسنپ چیکنگ کا عمل جاری رکھا جبکہ تمام چھوٹے بڑے ہوٹلوں کے کمرے اور ریکارڈ چیک کیے گئے، ایس ایس پی لاڑکانہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی بھی شہری کے پاس باہر سے آیا ہوا مہمان ٹھہرا ہوا ہے تو ان کی تفصیلات فوری قریبی تھانے پر اندراج کرائیں بصورت دیگر وہ خود ذامے دار ہوںگے، دوسری جانب پولیس نے لاڑکانہ شہر، رتوڈیرو، گڑھی خدابخش بھٹو سمیت کچے کے مختلف علاقوں میں سرچ و کومبنگ آپریشن اور تلاشیوں کے دوران 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ایس ایس پی کے مطابق گڑہی خدابخش بھٹو پولیس نے شیخ لاڑو کے قریب ملزم خادم لغاری کو 6 کلو چرس سمیت اور ملزم زاہد لغاری کو آدھا کلو چرس سمیت، رتوڈیرو پولیس نے چاندنی چوک سے ملزم بابر شیخ اور ملزم الطاف جیہو کو 33 پاکٹ نشہ آور گٹکوں سمیت، ولید پولیس نے نیو بس ٹرمینل سے تین ملزمان راجا بروہی، عاشق چانڈیو اور سیف اللہ چانڈیو کو نشہ آور گٹکوں کے 11 پاکیٹس سمیت، حیدری پولیس نے لہر کالونی سے ملزم انیس سومرو کو نشہ آور گٹکوں سمیت جبکہ حسن واھن پولیس نے کچے کے علاقے سے روپوش ملزم ریاض سولنکی کو گرفتار کرلیا ہے، دوسری جانب کنگا پولیس نے دوران گشت شہری صحبت سومرو سے اور آریجا پولیس نے شہری جمشید کلہوڑو سے چھینی ہوئی موٹرسائیکلیں برآمد کرکے اصل مالکان کے حوالے کردی ہیں۔