لاڑکانہ پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائی ،11 گرفتار

278

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 5 جواریوں سمیت 11 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، گولیاں، موٹر سائیکلیں اور نقدی برآمد کرلی ہے۔تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی لاڑکانہ عمران قریشی کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے ایس پی ہیڈ کوارٹر محمد کلیم ملک کی سربراہی میں مختلف علاقوں کے اندر جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائیاں کرتے ہوئے تعلقہ پولیس نے ملزم معشوق کلہوڑو کو کلاشنکوف اور گولیوں سمیت، ملزم رابیل کلہوڑو کو ٹی ٹی پستول اور گولیوں سمیت، ولید پولیس نے سرگرم ملزم گلزار دایو کو ریوالور اور گولیوں سمیت، مظفر میرانی کو ریوالور اور گولیوں سمیت، کنگا پولیس نے ڈکیتی مقدمے میں ملوث دو ملزمان ضمیر شیخ اور ریاض شیخ کو پستول اور گولیوں سمیت گرفتار کرلیا۔دوسری جانب چوری شدہ ایک لاکھ 20ہزار اور چوری شدہ 10 موٹر سائیکلیں برآمد کرلی، ایس پی ہیڈ کوارٹر محمد کلیم ملک نے برآمد شدہ مالیت ایک لاکھ روپے اصل مالک دیوان جے پال اور برآمد شدہ نقدی بیس ہزار دکاندار مالک ارشاد انڑ کے حوالے کرتے ہوئے برآمد شدہ موٹرسائیکلیں بھی اصل مالکان شہری تنویر چنو، عبدالرزاق شیخ، ندیم احمد، اللہ جڑیو، شہزاد علی اور عبدالحفیظ و دیگر کے حوالے کردی ہیں۔دوسری جانب اللہ آباد پولیس نے جوئے کے اڈے پر چھاپا مارکر پانچ جواریوں حبیب اللہ جتوئی، ارشاد ابڑو، جمیل سانڈانو، منظور جونیجو اور زوہیب کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔دوسری جانب لاڑکانہ شہر کے تھانہ حیدری کی حدود چنا گوٹھ میں دو سال قبل پلاٹ کے تنازع پر مسلح افراد کی فائرنگ سے تین افراد ایاز علی، سجاد علی سانگی سمیت راہ گیر حفیظ اللہ گاد قتل ہوئے تھے جس کے مقدمے میں نامزد ملزم بشیر گزشتہ ماہ سے کراچی سول اسپتال میں زیر علاج تھا جو گزشتہ روز دم توڑگیا جس کی نعش ضروری کارروائی کے بعد سول جج و جوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں ورثا کے حوالے کرنے کے بعد بذریعہ ایمبولینس لاڑکانہ شہر کے چنا گوٹھ پہنچادی گئی جہاں آج تدفین ہوگی۔ واضح رہے کہ فوت ہونے والے قیدی سندھ کے نامور فنکار اور آرٹس کونسل آف پاکستان لاڑکانہ کے سابق صدر عزیز سانگی کے بھائی بھی تھے۔