صوابی،پولیس نے 3 رکنی بین الاضلاعی موٹرسائیکل چور گروہ گرفتار کرلیا

380

صوابی(این این آئی)ٹوپی پولیس نے تین رکنی بین الاضلاعی موٹرسائیکل چور گروہ کو گرفتار کر کے سرقہ شدہ 7 موٹر سائیکلز برآمد کر لی۔تھانہ ٹوپی کی حدود میں مختلف طریقوں سے واردات کر نے والے بین الاضلاعی موٹر سائیکل چوری کرنے والے گروپ کو ٹریس کرکے گرفتار کر لیا، مال مسروقہ موٹر سائیکلز برآمد اور ساتھ ہی موٹر سائیکلز کے اسپیئر پارٹس کباڑی کی دکان سے برآمدکرلیے۔ ڈی پی او آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈی پی او صوابی محمد شعیب خان نے موٹرسائیکل چوری کے واقعات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے مال مسروقہ موٹر سائیکلز کی برآمدگی اور ملزمان کو ٹریس کرنے و گرفتار کرنے کیلیے ڈی ایس پی سرکل ٹوپی افتخارعلی اور ایس ایچ او ٹوپی سب انسپکٹر ایوب خان کو ٹاسک سونپا۔ ملزمان کو ٹریس کرنے و گرفتار کرنے اور مال مسروقہ کی برآمدگی کیلیے ڈی ایس پی سرکل ٹوپی افتخار علی، ایس ایچ او ٹوپی سب انسپکٹر ایوب خان،اے ایس آئی آفیسر علی معہ انویسٹی گیشن اسٹاف پر مشتمل ٹیم تشکیل دی گئی۔تشکیل شدہ ٹیم نے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر دن رات کاوشوں سے مقدمے میں مطلوب ملزمان جواد ولد لعل زادہ، نورزمان عرف کالو ولد فرید خان ساکنان مینئی جبکہ کباڑی ملزم افضل ولد گل ستار سکنہ مینئی کو حسب ضابطہ گرفتار کرکے قبضے سے سرقہ شدہ 7 عدد موٹر سائیکلز اور کباڑی سے موٹر سائیکلز کے اسپیئر پارٹس اور ملزمان اسپیئر پارٹس کی مالیت 60000 روپے برآمد کیے۔ تینوں ملزمان نے دورانِ تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کرکے جن کی نشاندہی پر مطلوبہ مال مسروقہ موٹرسائیکلز اور کباڑی کے دکان سے اسپیئر پارٹس برآمدکیے گئے۔