چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے عدالت عظمیٰ میں تقررکیخلاف وکلاکا احتجاج

141

کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی شیخ کا عدالت عظمیٰ میں بطور ایڈہاک جج تقرر کے خلاف وکلا سراپا احتجاج بن گئے ، سندھ ہائی کورٹ سمیت صوبے بھر کی عدالتوں میں عدالتی امور کا بائیکاٹ۔سندھ بارکونسل ،سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور کراچی بار کونسل کی چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی شیخ کا عدالت عظمیٰ میں بطور ایڈہاک جج تقرر کے خلاف منگل کو سندھ ہائی کورٹ سمیت سندھ بھر کی ماتحت عدالتوں میں وکلا نے عدالتی امور کا بائیکاٹ کیا اور وکلا عدالتوں میں مقدمات کی پیروی کے لیے پیش نہیں ہوئے جبکہ وکلا تنظیموں نے سندھ ہائی کورٹ عمارت کے داخلی دروازے کو بند کرکے وکلا، سائلین، پیشی پر آنے والے سرکاری افسران اور ملازمین کو احاطہ عدالت میں داخل ہونے سے روک دیا۔دوسری صدر سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن بیرسٹر صلاح الدین احمد کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس احمد علی شیخ کے انکار کے باوجود تقرر غیر قانونی ہے اور وکلا آئین اور قانون کی با لا دستی چاہتے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو بطور ایڈہاک جج عدالت عظمیٰ تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیاتھا۔